اسلام آباد (نیوزڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تشکیل پانےوالی جائنٹ ایکشن کمیٹی نے تاجروں کو حکومت کی طرف سے رات 8بجے دکانیں بند کرانے کے فیصلہ کے خلاف پرامن اور پرزور احتجاج کا مظاہرہ کرنے کیلئے منگل کو اسلام آباد میں کامیاب ہڑتال کرنے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ تاجر برادری نے اس مسئلے پر متفقہ موقف اپنا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر متحد ہیں۔ کمیٹی کے چیئرمین گروپ لیڈر عبدالرﺅف عالم ہیں جبکہ اس کے ممبران میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری، اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریدرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر کامران عباسی، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، مرکزی انجمن تاجران اسلام آباد کے صدر محمد کاشف چوہدری اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور جناح سپر مارکیٹ کی ٹریڈرزویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر محمد اعجاز عباسی شامل ہیں۔یہ کمیٹی تاجروں کی طرف سے اس مسئلے پر حکومت سے بات چیت کرنے کیلئے بنائی گئی ہے۔کمیٹی چیئرمین اور ممبران نے کہا کہ جناح سپر، سپر مارکیٹ، بلیو ایریا، آبپارہ، ایف ٹن مرکز اور پشاور موڑ سمیت اسلام آباد کی تمام اہم مارکیٹوں میں تمام دکانیں اور کاروبار بند رہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ تاجر رات 8بجے دکانیں بند کرانے کے حکومتی فیصلہ کی بالکل حمایت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا تاجروں نے کامیاب شٹرڈا?ن ہڑتال کر کے یہ واضع پیغام پہنچا دیا ہے کہ وہ حکومت کے یکطرفہ فیصلوں کو قبول نہیں کریں گے لہذا وقت کاتقاضایہ ہے کہ حکومت ان کے تحفظات کی طرف توجہ دے اور اس مسئلے پر تاجر برادری کو پوری طرح اعتماد میں لے۔انہوں نے تمام تاجر تنظیموں کے رہنما?ں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی اپنی مارکیٹ میں ہڑتال کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت واقعی بجلی کی بچت میں سنجیدہ ہے تو وہ پورے ملک کیلئے یکساں پالیسی بنائے اور صرف اسلام آباد کے تاجروں کو جلدی دکانیں بند کرنے پر مجبور نہ کرے کیونکہ ایسے اقدامات امتیازی تاثر کے عکاس ہیں اور ان سے معیشت کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کہ کہ تاجر آئندہ بھی اہم معاملات پر اسی اتحاد و یکجہتی کا مظاہر ہ کریں گے کیونکہ متحد ہو کر ہی وہ اپنی آواز کو مضبوط انداز میں متعلقہ حکام تک پہنچا سکتے ہیں اور اپنے حقوق کا بہتر تحفظ کر سکتے ہیں۔