اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مالی سال 16-2015 کے بجٹ کیلئے حکمت عملی پیپر تیار ہوگیا ہے۔ حکمت عملی کے مطابق وفاق کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ کا حجم 41 کھرب روپے کے لگ بھگ ہوسکتا ہے ، اس کے علاوہ آئی ڈی پیز کے علاقوں میں تعمیر نو کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے جانے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں وزارت خزانہ نے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایاکہ آیندہ بجٹ کا حکمت عملی پیپرکابینہ کے آیندہ اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ ا?یندہ بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں 5 سے 10 فی صد اضافہ متوقع ہے جبکہ وزارتوں اور محکموں کے غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 293 ارب روپے ہوسکتا ہے۔ آیندہ بجٹ میں محصولات کا ہدف 29 کھرب روپے کے لگ بھگ جبکہ قرض کی ادائیگی پر 13 کھرب روپے خرچ ہوسکتے ہیں۔ آیندہ بجٹ میں مالیاتی خسارہ 4.1 پر محدود کرکے 1330 ارب روپے تک محدود کرنے کا ہدف ہے۔ دفاعی بجٹ کیلئے 770 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے جبکہ ترقیاتی بجٹ کا حجم 575 ارب روپے ہوسکتا ہے۔ آیندہ بجٹ میں سبسڈی میں 50 ارب روپے کمی کا امکان ہے اور رواں مالی سال سبسڈی کی جو رقم 203 ارب روپے ہے آیندہ سال کم ہوکر 150 ارب روپے ہوسکتی ہے۔