اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )نواز شریف نے توشہ خانہ سے 75 تحائف صرف 14 لاکھ روپے میں حاصل کیے، قالین 50 روپے اور مہنگی ترین مرسڈیز گاڑی صرف 6 لاکھ روپے میں خریدی،پرانی ویڈیو کلپ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ۔ سینئر تجزیہ کار عامر متین نے کہا ہے کہ
سابق وزیراعظم نواز شریف کو 127تحائف ملے 75وہ اپنے ہمراہ لے گئے ، صرف 14لاکھ روپے ادا کئے ، تحائف میں گاڑیاں ، ڈائمنڈز شامل تھے ۔ ایک قالین پچاس روپے کا بھی خریدا گیا ، بریف کیس 875روپے میں خریدا ، ایک مرسیڈیز 6لاکھ میں لے لی ، مریم نواز نے دس لاکھ کی گھڑی 45ہزار میں لی ۔ سابق صدر فاروق لغاری 28لاکھ روپے دے کر 114تحائف گھر لے گئے ۔ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کو 630تحفے ملے ، 174کو دو لاکھ 72ہزار روپے کے عوض خریدا ۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کی اہلیہ 50لاکھ کے زیورات 5لاکھ میں لے گئے ۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا ریکارڈ سرکاری ویب سائٹ پر جاری کردیا،وفاقی حکومت نے کابینہ ڈویژن کی سرکاری ویب سائٹ پر ریکارڈ اپلوڈ کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق توشہ خانہ کا 2002 سے 2023 کا 466 صفحات پر مشتمل ریکارڈ اپلوڈ کیا گیا،توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والوں میں سابق صدور،سابق وزرااعظم،وفاقی وزرا اور سرکاری افسران کے نام شامل ہیں،سابق صدر مملکت صدر پرویز مشرف، سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے نام شامل ہیں، اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم نواز شریف، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، سابق وزیر اعظم عمران خان کا توشہ خانہ ریکارڈ بھی اپلوڈکیا گیاہے،ویب سائٹ پرموجودہ وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر عارف علوی کا توشہ خانہ ریکارڈ بھی اپلوڈ کیا گیا۔