اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )بابراعظم نے زیادہ ٹی 20 رنز میں آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر شین واٹسن کو پیچھے چھوڑ دیا۔نجی ٹی وی ایکسپریس کے مطابق ملتان سلطانز کے خلاف بابر اعظم نے جمعے کے روز 73 رنز کی اننگز کھیلی، اس سے بابر کے مختصر فارمیٹ میں ٹوٹل رنز کی
تعداد 8865 ہوگئی جو 253 میچز میں بنائے ہیں، اس طرح بابر نے واٹسن کو پیچھے چھوڑ دیا، مجموعی طور پر ٹی 20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹرز کی فہرست میں وہ 16 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔شین واٹسن نے اپنے کیریئر کے دوران 343 ٹی 20 میچز میں 8821 رنز بنائے تھے، اس فہرست میں ٹاپ پر کرس گیل 14 ہزار 562 رنز کے ساتھ موجود ہیں، ان کے بعد شعیب ملک 12 ہزار 528 رنز کے ساتھ کا نام آتا ہے۔ دوسری جانب قطر میں جاری لیجنڈز لیگ کے دوسرے میچ میں ورلڈ جائنٹس کی ٹیم نے سنسنی خیز انداز میں انڈیا مہاراجہ کو 2 رنز سے شکست دیدی۔دوحہ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈ جائنٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 166رنز بنائے، جائنٹس کی جانب سے کپتان ایرون فنچ 53، شین واٹسن 55 اور ٹینو بیٹس 13 رنز بناکر نمایاں رہے۔ہدف کے تعاقب میں انڈیشن مہاراجہ کو 65 رنز کا آغاز ملا، روبن اتھاپا 29 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، کپتان گوتم گھمبیر نے ایک بار پھر نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروانے میں ناکام رہے، انہوں نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں مرلی وجے 11، سریش رائنا 19 اور محمد کیف 19 رنز بناسکے۔انڈیا مہاراجہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بناسکی اور یوں ورلڈ جائنٹس نے میچ محض 2 رنز سے جیت لیا، انڈیا مہاراجہ کی ایونٹ میں یہ مسلسل دوسری شکست تھی۔اس سے قبل ایشیا لائنز نے افتتاحی میچ گھمبیر الیون کو 9 رنز سے شکست دی تھی۔