لاہور( آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے مقتول کارکن علی بلال کو اسپتال چھوڑ کر جانیوالے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے جنہوں نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ علی بلال کی موت حادثے کی وجہ سے ہوئی۔پولیس ذرائع کے مطابق دو رکنی تفتیشی ٹیم نے علی بلال کو اسپتال چھوڑ
کر فرار ہونے دونوں افراد کو حراست میں لے کر کالی رنگ کی ویگو قبضے میں لے لی ہے۔ حراست میں لیے گئے ملزمان کی شناخت عمر اور جہا نزیب کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ حراست میں لیے گئے افراد نے بتایا کہ علی بلال کی ہلاکت حادثے کی وجہ سے ہوئی، واقعہ فورٹریس اسٹیڈیم برج پر پیش آیا۔ظل شاہ پولیس گاڑی سے نکل کر فورٹریس پل کی طرف بھاگا تو ویگو ڈالے سے ٹکرا گیا۔پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ واضح رہے کہ تین روز قبل پی ٹی آئی کارکن کی مبینہ طور پر پولیس تشدد سے ہلاکت ہوئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مقتول کارکن پر تشدد ثابت ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کارکن کو جب اسپتال لایا تو اْس کی موت ہوچکی تھی جبکہ اْس کے سر پر گہری چوٹ تھی اور کھوپڑی کا ایک حصہ بری طرح سے متاثر تھا، اس کے علاوہ جسم کے نازک اعضا پر بھی بدترین تشدد کے نشانات تھے۔