سکھر (اے پی پی)سندھ کے سرکاری اداروں میں 50 ہزار خالی اسامیوں پر بھرتی کے لئے تحریری ٹیسٹ شروع ہو گئے، جو 21جنوری تک جاری رہیں گے۔ سندھ میں گریڈ 5 سے گریڈ 15 تک کی سرکاری نوکری کے لئے تحریری ٹیسٹ کے لئے 9 مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔
سکھر کی آئی بی اے یونیورسٹی کے زیر انتظام ٹیسٹوں میں 12 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے درخواستیں دے رکھی ہیں جن میں گریجویٹ امیدواروں کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار 500 ،ایف اے (انٹر ) پاس نوجوانوں کی تعداد 5 لاکھ 26 ہزار اور میٹرک پاس نوجوان امیدواروں کی تعداد 5 لاکھ 500 ہے ۔ٹیسٹ2مراحل میں ہوں گے ۔ پہلے مرحلے میں گریجویٹ امیدوار اور دوسرے مرحلے میں ایف اے اور میٹرک پاس نوجوانوں سے تحریری ٹیسٹ لیا جائے گا ۔ پہلے مرحلے کا ٹیسٹ منگل سے شروع ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں امتحانی مراکز میں سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تحریری امتحان میں حصہ لینے والے امیدواروں کو تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور حکومت سندھ کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کیا جا رہا ہے ۔ 29 اضلاع کے امیدواروں کے لئے ڈویژن اور ضلع سطح پر مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ ٹیسٹ میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔