کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور مشیر زراعت منظور وسان نے نئے سال میں نئی پیش گوئیاں کر دیں۔ایک بیان میں منظور وسان نے کہا کہ نواز شریف اسی سال وطن واپس آئیں گے، نیا سال پی پی کے لیے بہتر ہو گا اور پارٹی کو دیگر صوبوں میں مضبوط ہوتا دیکھ رہا ہوں۔
منظور وسان نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں سال عمران خان کا کوئی مستقبل نہیں، ان پر مصیبتیں منڈلاتی رہیں گی، ان کو کچھ اداروں نے بنایا تھا، اب وہ ان کے ساتھ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں وہ علیحدگی اختیار کر کے دوسری پارٹی بنائیں گی یا پرانی پارٹیوں میں واپس جائیں گے۔صوبائی مشیرنے کہاکہ عمران خان کو کسی نہ کسی دیوار کے اندر قید دیکھ رہا ہوں، رواں سال میں ان کو سندھ یا بلوچستان کی جیلوں میں دیکھ رہا ہوں۔پی پی کے رہنما نے کہا کہ عمران خان کا جب باجوہ صاحب نے ساتھ دیا تھا تب وہ کیوں خاموش تھے؟ ایم کیو ایم آنکھیں نہیں دکھائے گی، ہم ساتھ رہیں گے، ہر پارٹی کا حق ہوتا ہے کہ وہ اپنی ڈیمانڈ رکھے۔انہوں نے یہ پیش گوئی بھی کی ہے کہ رواں سال کوشش کی جائے گی کہ چند وڈیروں اور جی ڈی اے کو پی پی پی مخالف مقابلہ کروایا جائے گا،مگر کچھ جی ڈی اے کے لیڈر ہمارے ساتھ ہوں گے،ملک جیسے پہلے چلتا تھا ہے ایسے ہی چلتارہے گا۔