لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے کیس میں مسلم لیگ ن کے گوجرانوالہ کے سیکریٹری اطلاعات مدثر نذیر کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق سوہدرہ کے رہائشی مدثر نذیر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، گرفتاری کے بعد ان کو لاہور منتقل کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مدثر نذیر کا ایک بھائی احسن پہلے ہی جے آئی ٹی کی حراست میں ہے، حملے کے روز احسن نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھی۔پولیس نے کہا کہ پوسٹ کو بعد میں ڈیلیٹ کر دیا گیا تھا، جس میں احسن نے لکھا تھا کہ آج کچھ بڑا ہونے والا ہے۔پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ سوہدرہ کے رہائشی وقاص کو بھی مقدمے میں باضابطہ گرفتار کر لیا گیا، وہ مرکزی ملزم نوید کا دوست ہے، جس نے ملزم کو اسلحہ فراہم کیا تھا، دوران تفتیش وقاص کا کردار بطور سہولت کار ثابت ہوا ہے۔وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کے مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں آج ہو گی۔