اسلام آباد(نیوز ڈیسک)امریکہ نے کہا ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے نے امریکی فوجی ایکشن کو موثر قوت دی ہے۔ اگر اس نے ایٹمی معاہدے کے خلاف ورزی کی تو فوجی ایکشن کا آپشن موجود ہے۔ گزشتہ روز امریکی سیکرٹری دفاع آسٹن کارٹر نے اسرائیل اور دیگر اتحادیوں کو یقین دہانی کرائی کہ ایران کے ساتھ 6بڑی عالمی قوتوں نے جو ایٹمی معاہدہ کیا ہے، اس نے امریکی ملٹری آپشن کو مزید طاقت دی ہے۔ ایران کے خلاف ناگزیر حالات کی صورت میں فوجی ایکشن کا آپشن ٹیبل پر موجود ہے۔ ایران اب ایٹم بم نہیں بنا سکتا جس کے بعد دنیا ایسے خطرے سے باہر آگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں برس جولائی میں ایران اور 6بڑی عالمی طاقتوں کے مابین ایٹمی معاہدے طے پایا تھا، جس کی کامیابی کے لئے امریکہ نے کلیدی کردار ادا کیا اور وہ اس معاہدے کا بھرپور دفاع بھی کر رہا ہے۔