اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 10 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 50 پیسے کمی کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت
میں ساڑھے سات روپے کمی کی جارہی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 10، 10 روپے کمی کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 15 دسمبر کی رات 12 بجے سے 31 دسمبر تک پیٹرول 214 روپے 80 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 227 روپے 80 پیسے، مٹی کا تیل 171 روپے 83 پیسے اور لائٹ ڈیزل 169 روپے میں فروخت ہوگا۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ تین ماہ میں پیٹرول کی قیمت 22 روپے 63 کمی کی گئی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ یکم اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 63 پیسے کمی کی گئی تھی، اسی طرح 30 ستمبر کو قیمت 237 روپے 45 پیسے تھی جو آج کمی کے بعد 214 روپے 80 پیسے ہوگئی ہے، اسی طرح مجموعی طور پر فی لیٹر قیمت 22 روپے 63 پیسے کی کمی ہو چکی ہے۔اس سے قبل 30 نومبر کو وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بالترتیب 10 روپے اور 7 روپے 50 پیسے کمی کردی تھی۔وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تبدیلی نہیں ہوگی اور اگلے 15 دن تک موجودہ قیمت 235 روپے 30 پیسے رہے گی جو تقریباً 2 ماہ سے برقرار ہے۔