کراچی ،لندن، اسلام آباد(این این آئی)صدر جامعہ دارالعلوم کراچی مفتی رفیع عثمانی کی نماز جنازہ کل اتوار 20 نومبر کو ادا کی جائے گی۔مفتی تقی عثمانی کے مطابق مفتی مولانا رفیع عثمانی کی نماز جنازہ 9 بجے دارالعلوم کورنگی میں ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزصدر جامعہ دارالعلوم کراچی مفتی رفیع عثمانی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے تھے، اْن کی عمر 86 برس تھی۔دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مفتی رفیع عثمانی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی رفیع عثمانی صاحب کی وفات پر دل بہت رنجیدہ ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ مسلمانان عرب و عجم ایک عالم دین سے محروم ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ مفتی رفیع عثمانی کی گرانقدر علمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔نواز شریف کے مطابق اللّٰہ مفتی رفیع عثمانی کو جنت الفردوس میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری نے عالم دین مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ مفتی رفیع عثمانی اعتدال پسند عالم دین تھے ،مفتی رفیع عثمانی کی اسلام کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔سابق صدر آصف علی زرداری نے مرحوم مفتی رفیع عثمانی کے خاندان اور مداحوں سے اظہار تعزیت اور مفتی رفیع عثمانی کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی ۔