اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)راولپنڈی میں دو روز قبل تھری سٹار جرنیلوں کی بہت اہم کانفرنس ہوئی ہے جس میں تمام کور کمانڈرز بھی شامل تھے۔
سینئر صحافی نجم سیٹھی کی چڑیا کے مطابق اس اجلاس سے اہم ترین خبر یہ نکلی کہ نئے آرمی چیف کے لئے تین سب سے سینیئر جرنیلوں کے نام حکومت کو بھیجے جانے پر کمانڈرز نے اتفاق کیا ہے۔ مگر یہ تین نام 18 نومبر کے بعد بھیجے جائیں گے کیونکہ 18 نومبر کو ایک سینیئر جنرل نے ریٹائر ہونا ہے۔ یہ نام ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھیجے جائیں گے۔اس کانفرنس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ اگر پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے گڑبڑ پیدا ہوتی ہے اور حکومت ہمیں بلاتی ہے تو ہم حکومت کے ساتھ کھڑے ہوں گے مگر کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے ادارے پر انگلیاں اٹھیں۔ کانفرنس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اگر حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین مذاکرات کے لئے ہماری مدد طلب کی جاتی ہے تو ہم سہولت کار کا کردار نبھانے کے لئے تیار ہیں مگر فریقین میں سے کسی پر دباؤ نہیں ڈالیں گے۔