اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے پی ٹی آئی کے کسی بھی قسم کے بیک ڈور رابطوں کی خبروں کو مسترد کردیا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ میں یقینی طور پر کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان تحریک انصاف کسی بھی بیک ڈور رابطوں کا حصہ نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ اسلام آباد پہنچنے میں تاخیر ہو سکتی ہے ،اصل پلان 4 نومبر کو اسلام آباد پہنچنا تھا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی لانگ مارچ کے دوران عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتی ہے، چاہے اسے دارالحکومت پہنچنے میں مزید 2 سے 4 دن زیادہ لگ جائیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ دو چار دن زیادہ ہوجائیں تو مسئلہ نہیں، کل عمران خان کو متبادل روٹ پلان پیش کیا تھا اور اسلام آباد پہنچنے کی نئی تاریخ کا فیصلہ آج کیا جائے گا۔