لاہور ( این این آئی) لاہور کے قریب قصور روڈ پر گنگن پور میں ٹیموں نے گھر پر چھاپہ مار کر 3ہزار لیٹر تیار جعلی دودھ برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ کارروائی میں 50کلو گلوکوز، 9ڈرم استعمال شدہ آئل،50بوریاں پائوڈر برآمد کیا گیا ،
خام مال سے مزید 20ہزار لیٹر دودھ تیار ہونا تھا،4مکسنگ مشین، 2پمپس،مکسنگ مشین،گیس سلنڈر، پلاسٹک ڈرمز بھی ضبط کر لیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ اطلاع پر 18گھنٹے کی ناکہ بندی کے بعد کاروائی مکمل کی گئی، صبح تین بجے شروع کی گئی ناکہ بندی کے نتیجے میں اگلی رات 12بجے کاروائی مکمل ہوئی۔ استعمال شدہ آئل میں پاوڈر اور کیمیکلز ڈال کر جعلی دودھ تیار کیا جا رہا تھا، جعلسازوں اشرف ،وقار اور وسیم نامی افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔مدثر ریاض ملک نے کہا کہ خفیہ مقام پر مکسنگ مشین میں پاوڈر، کیمیکلز اور گندا تیل ڈال کر دودھ جیسا سفید گاڑھا محلول تیار کیا جاتا تھا، ویجیلینس ٹیموں نے ریکی کر جعلی دودھ تیار کرنے والے گھر کا پتہ لگایا، موقع سے تمام مشینری اور خام مال بھی ضبط کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جعلی دودھ بنانے والوں عناصر کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے لیے عوام کا ساتھ انتہائی لازم ہے،اپنے اردگرد خوراک کے حوالے ہونے والی ہر سرگرمی پر نظر رکھیں۔عوام تک معیاری دودھ کی فراہمی کے لیے نیا نظام اور قوانین لا رہے ہیں، ملاوٹ اور جعلسازی کرنے والوں کے کاروبار بند اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔