بھوبنسیوار(نیوز ڈیسک) کٹک کے سرکاری ہسپتال سردار ولبھ بھائی پٹیل پوسٹ گریجویٹ انسٹیٹیوٹ آف پیڈیاٹرکس میں گزشتہ 12 دنوں میں 54 نومولود ہلاک ہو گئے جس کی وجہ سے نوین پاٹنائیک کی قیادت میں بی جے ڈی کی حکومت پر سخت تنقید ہو رہی ہے۔اخباری رپورٹ کے مطابق اموات کی وجہ جاننے کیلئے ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کی سربراہی میں ایک کمیٹی نے چھان بین شروع کر دی ہے اور وزیر صحت اتیانو سبیاساچی نائیک کا کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی کی سفارشات پر من و عن عمل کرے گی۔ دریں اثنا اس ضمن میں بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ ہسپتال انتظامیہ نے وفات پاجانے والوں بچوں کے پوسٹ مارٹم نہیں کروائے۔ریاست میں حزب اختلاف کی جماعت بی جے پی کی طرف سے دو ستمبر کو ریاست بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ اس کے نائب صدر راہول گاندھی جلد ہی ہسپتال کا دورہ کریں گے۔ریکارڈ سے معلوم ہوا ہے کہ سال بھر سے ہسپتال میں اموات کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اموات کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ریاست بھر کے ناقص سہولیات والے ہسپتال تشویشناک حالت میں بچوں کو یہاں ریفر کر دیتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ پڑوسی ریاستوں جھاڑ کھنڈ اور مغربی بنگال سے بھی مریض یہیں آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اتنی تعداد میں تشویشناک حالت میں نومولود یہاں پر لائے جاتے ہیں جو اس کی گنجائش سے کہیں زیادہ ہیں اور عام طور پر یہی دیکھا جاتا ہے کہ ہسپتال کی راہداریوں میں بھی بیمار بچوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں