لندن(نیوز ڈیسک)استعمال شدہ اشیا کی بولی کے ذریعے خریدوفروخت کرنے والی مشہور امریکی ویب سائٹ ’’ای بے‘‘ پر انسانی ہڈیاں، ڈھانچے اور کھوپڑیوں کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق ’’ای بے‘‘ پر اس کے قواعد و ضوابط کے برخلاف انسانی ریڑھ کی ہڈی سمیت، کھوپڑیاں ، ڈھانچے اور ہڈیاں فروخت کے لیے پیش کی جاتی رہی ہیں اور ان کی قیمت ہزاروں پاؤنڈ رکھی گئی تھی جب کہ ان میں سے ایک شخص نے بولی کے لیے نومولود بچے کا ڈھانچہ رکھا تو دوسری جانب ایک ’’انسانی کھوپڑی‘‘ رکھی گئی۔اخبار کی تحقیقاتی ٹیم نے ’’ای بے‘‘ پر کم از کم 40 اشیا دریافت کی ہیں جو انسانی باقیات میں شامل ہیں اور کہا گیا ہے کہ ان کی فروخت طبی مقاصد کے لیے تھی جب کہ اس کے برعکس ویب سائٹ پر اس طرح کی اشیا کی فروخت کی سخت ممانعت تحریر ہے۔’’ای بے‘‘ کے ایک صارف کے مطابق اس سے قبل بھی درجنوں مرتبہ اس ویب سائٹ پر کامیابی سے انسانی ہڈیاں اور دیگر اعضا فروخت کیے گئے ہیں۔ اگرچہ ’’ای بے‘‘ نے انسانی ہڈیاں اور اعضا فروخت کرنے والے تمام اکاؤنٹس بند کردیئے ہیں لیکن آخری مرتبہ اس ویب سائٹ پر ایک انسانی کھوپڑی کی بولی 43 ہزار پاکستانی روپے لگائی گئی تھی۔