لاہور( این این آئی)بچہ حوالگی کیس میں ایک ہی بچے کی دو دعویدارمائیں عدالت پہنچ گئیں ، عدالت نے بچے کو حقیقی والدہ کے سپرد کردیا،بچے نے حقیقی ماں کے ہمراہ جانے سے انکار کر دیا اور زاروقطار روتا رہا جبکہ بچے کو پالنے والی خاتون بھی
کمرہ عدالت میں فرط جذبات سے روتی رہی۔بچے کی حقیقی والدہ ثمرہ نے نند سے اپنے بیٹے سلمان کی بازیابی کیلئے درخواست دائرکی تھی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد شان گل نے کیس کی سماعت کی۔ خاتون نے موقف میں کہا کہ میرے بھائی نے اپنا اکلوتا بیٹا اولاد نہ ہونے پر مجھے دے دیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار کے ایک درجن بچے ہیں جن سے ایک بچہ تمہیں دیاگیا،حقیقی والدہ کی موجودگی میں بچہ کسی اور کو نہیں دیا جاسکتا۔عدالت نے استفسار کیا کیا میاں بیوی کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے، بشیرنامی خاوند نے بتایا میری بیوی سے ناچاقی اسی بچے کی وجہ سے ہے، بہن کے اولاد نہ ہونے پر بچہ اسے دیا، بیوی واپس لیناچاہتی ہے۔جس پر عدالت نے کہا کہ بچہ توحقیقی ماں کے ساتھ ہی جائے گا ، میاں بیوی کے باہمی اختلافات سے بچے کا مستقبل دائو پر ہے۔عدالت نے بچہ حقیقی و الدہ کے سپرد کرتے ہوئے حبس بے جا کی درخواست نمٹا دی۔