پشاور(این این آئی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ بیرونی سازش کے تحت ہماری حکومت کو گرایا گیا ، فوج بھی میری اور ملک بھی میرا ہے، ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک آزاد ہو گا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پشاورمیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا غلامی کی زنجیریں انسان کی پرواز روکتی ہیں، قوم کو آزاد کرنا چاہتا ہوں،
سازش کے ذریعے چوروں کے ٹولے کو ہم پر مسلط کیا گیا، پاکستانیوں کو ایک عظیم قوم بنانا ہے، ہرے پاسپورٹ کی دنیا عزت کرے گی۔عمران خان کاکہنا تھا کہ اگر یہ ملک سے سنجیدہ ہوتے تو پہلے چوری کا پیسہ واپس لے کر آتے، چوروں کا ٹولہ ہم پر مسلط کیا گیا، انہیں پتہ چل گیا کہ یہ ہمیں ہرا نہیں سکتے، انہیں پتہ ہے جب بھی الیکشن ہوا انہوں نے ہارنا ہے، اب یہ میرے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، یہ کسی طرح مجھے نااہل کروانا چاہتے ہیں ِ۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کاکہنا تھا کہ کہ کبھی توشہ خانہ کا کیس بنا رہے ہیں ،کبھی کوئی ایف آئی آر درج ہو جاتی ہے، میرے ہر جملے کو توڑ مروڑ کر سازش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، نواز شریف جھوٹ بول کر ملک سے بھاگا، ، حکومت گرانے کیلئے چوری کے پیسوں سے اراکین پارلیمنٹ خریدے گئے، میری حکومت گرانے کے پیچھے وجہ مہنگائی یا معیشت نہیں تھی، یہ این آر او لینا چاہتے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ فوج بھی میری اور ملک بھی میرا ہے، ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک آزاد ہو گا، عدلیہ آزادی ہو گی تو ملک مضبوط ہو گا، فوج مضبوط ہو گی تو ہم آزاد ہوں گے، ہم ایک مضبوط فوج کی وجہ سے بچے ہوئے ہیں، ہم اس ملک کے ادارے مضبوط کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج بجلی اور پیٹرول مہنگے ترین ہیںِ، بجلی مزید مہنگی ہو گی، نواز شریف کی بیٹی آج کل پاکستان کی ملکہ بنی ہوئی ہے، مریم نواز کو وزیراعظم کا پروٹوکول مل رہا ہے، مریم نواز سے سچ نہیں بولا جاتا، شریف خاندان نے جائیدادیں چھپا کر رکھی ہوئی تھیں، پانامہ پیپرز میں انکشاف کے بعد انہوں نے بیرون ملک جائیداد کا اعتراف کیا، ملک کا پیسہ چوری کرنے کو کرپشن کہتے ہیں، میں کبھی ان کو قبول نہیں کروں گا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ہمیں پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانا ہے، ہم امن میں امریکہ کے ساتھ ہیں، کسی جنگ میں نہیں، ہم دوستی چاہتے ہیں مگر کسی صورت امریکہ کی غلامی نہیں چاہتے ، نہیں چاہتے کہ ہماری سرزمین کسی ملک پر کارروائی کیلئے استعمال ہو۔