اسلام آباد (نیوزڈیسک)اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل عیاد امین مدنی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کر دار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی مسلسل حمایت جاری رہے گی ۔سلامی تعاون کی تنظیم ( او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل عیاد امین مدنی نے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات کی اور امت مسلمہ کو درپیش عالمی چیلنجوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم کے مشیر نے انہیں دہشت گردی اور انتہاءپسندی کے خاتمے کے لئے حکومت کی کوششوں اور وزیراعظم کے پرامن ہمسائیگی کے وژن کے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور پرامن ہمسائیگی کے لئے پالیسیوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و امور خارجہ نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں گزشتہ دو عشروں سے زائد عرصہ تک او آئی سی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مسلسل حمایت پر او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم کے مشیر اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے پہلی او آئی سی سمٹ برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور کامسٹیک کی جنرل اسمبلی کے 15 ویں سیشن کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جو نومبر 2015ءمیں پاکستان میں ہوگا۔