راولپنڈی اسلام آباد( آن لائن، این این آئی)سینئر سیاست دان سید کبیر علی واسطی 78 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ سینئر سید کبیر علی واسطی کو طبیعت بگڑنے پر انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا تاہم ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ انتقال کر گئے ۔نماز جنازہ شام چھ
بجے مکی مسجد کمرشل مارکیٹ میں ادا کی جائے گی ۔مرحوم سابق صدر جنرل ایوب خان کی کونسل مسلم لیگ کے آفس سیکرٹری کے عہدے پر براجمان رہے۔دوسری جانب سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر بخاری نے بزرگ سیاستدان سید کبیر واسطی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میںانہوںنے کہاکہ کبیر واسطی کے انتقال کی خبر نے رنجیدہ کر دیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کبیر واسطی مرحوم منجھے ہوئے سیاستدان تھے۔ انہوںنے کہاکہ کبیر واسطی نے تحریک بحالی جمہوریت میں مادر جمہوریت اور شہید جمہوریت کے شانہ بشانہ جدوجہد کی۔ نیر بخاری نے سید کبیر واسطی مرحوم کے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ کبیر واسطی مرحوم کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل دے ۔ علاوہ ازیں چیئر مین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی جامشورو کے رہنما ارشد سہتو اور امجد سہتو سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ اپنے بیان میں انہوںنے ارشد سہتو اور پیلز یوتھہ جامشورو کے عہدیدار امجد سہتو سے ان کی والدہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور کہاکہ آ پ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، والدہ سے جدائی کا صدمہ ناقابل تلافی ہوتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مرحومہ کی مغفرت اور درجات بلندی کی دعا کرتا ہوں۔