اسلام آباد/لندن(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے امریکا میں ہونے والے حملے میں ملعون سلمان رشدی پر چاقو سے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصنف کے خلاف مسلمانوں کا غصہ سمجھ میں آتا ہے لیکن حملے کا جواز نہیں بنتا۔
نجی ٹی وی نے برطانوی اخبار گارجین کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ عمران خان نے دوران انٹرویو کہا کہ میرے خیال میں یہ خوفناک، افسوسناک ہے۔برطانوی اخبارگارجین کے مطابق عمران خان نے کہا کہ سلمان رشدی سمجھ گیا کیونکہ وہ ایک مسلمان گھرانے سے تعلق رکھتا ہے، وہ ہمارے دلوں میں بسنے والے پیغمبرکی محبت، احترام، تعظیم کو جانتا ہے، وہ جانتا تھالیکن جو ہوا اس کا جواز نہیں بنتا۔خیال رہے کہ ملعون سلمان رشدی پر نیویارک میں ایک تقریب کے دوران حملہ ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہوا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ملعون سلمان رشدی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔برطانوی اخبار کے مطابق عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شہباز گل کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ اس نے کہا تھا کہ فوجی افسران کو غیر قانونی احکامات پر عمل نہیں کرنا چاہیے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اسے یہ کہنے پر مجبور کر رہے ہیں کہ میں نے ہی اسے یہ کہنے کے لیے کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہباز گل کے ساتھ جو کچھ کر رہے ہیں وہ سب کو پیغام مل رہا ہے، انہوں نے ہمارے کارکنوں کو ڈرایا ہے، سوشل میڈیا کے کارکنوں کو اٹھایا گیا اور وہ لوگوں کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔