وارسا(نیوز ڈیسک)وسطی پولینڈ میں دریا سے سوویت فائٹر بمبار طیارے اور اس کے عملے کے دوارکان کی باقیات ملی ہیں جسے 1945 میں جرمنوں نے مار گرایا تھا ۔ اخبار رپورٹ کے مطابق کامیون گاوں کے قریب دریائے بزورا کی ایک شاخ سے اتوار کے روز اس طیارے کی باقیات ملی ہیں جنہیں قریبی میوزیم میں معائنے کیلئے منتقل کردیاگیا ہے جبکہ مزید تلاش کاکام سنیچر کے روز شروع کیاجائیگا ۔ کھوجیوں کا کہنا ہے کہ یہ بی ٹو طیارہ تھا۔ میوزیم کے حکام کا کہنا ہے کہ سوویت وردی کے کچھ ٹکڑے ایک پیرا شوٹ ، بھیڑ کی کھال والے کوٹ کا کالر ، بوٹ کے ٹکڑے پائلٹ کا ذاتی ٹی ٹی پستول ، ریڈیو آلات اور اسلحہ بھی ملا ہے ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس طیارے کو جنوری 1945 میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب یہ نیچی پرواز کررہاتھا جس کے نتیجے میں یہ دریا میں جاگرا ، میوزیم حکام کے مطابق طیارے کے باقیات ملنے کے بارے میں روسی سفارتخانے کو آگاہ کردیاگیا ہے ۔ انہوں نے امید طاہر کی ہے کہ جہاز کے عملے کی شناخت ممکن ہوجائے گی اور انہیں باقاعدہ طورپر فوجی قبرستان میں دفن کردیاجائیگا۔