منگل‬‮ ، 24 دسمبر‬‮ 2024 

موٹر وے ایم فائیو پر خوفناک حادثہ 20مسافر زندہ جل گئے

datetime 16  اگست‬‮  2022
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملتان/اسلام آباد (این این آئی)ملتان سکھر موٹر وے (ایم ـ5) پر ایک مسافر بس کے آئل ٹینکر سے تصادم کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتو ںمیں اضافے کاخدشہ ہے ،حادثے کے مقام پر موٹروے ایم 5 کئی گھنٹے بند رہی جبکہ صدر مملکت عارف علوی ، وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعہ پر افسوس کا اظہار

کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ موٹروے حکام کے مطابق ملتان سکھر موٹروے پر ڈائیوو سلیپر بس تیز رفتاری کے دوران ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تصادم کے نتیجے میں آئل ٹینکر اور بس کو آگ لگ گئی،آگ اس قدر شدید اور خوفناک تھی کہ دور سے دکھائی دے رہی تھی،ترجمان موٹروے کے مطابق جلتی ہوئی گاڑیوں سے بیشتر مسافروں کو زندہ نکالا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا،امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے، ترجمان کے مطابق آئی جی خالد محمود کی ہدایات پر موٹروے پولیس نے ایمرجنسی کراسسز سینٹر بنا دیا ہے۔ لاہور سے رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس 2009 ماڈل کی تھی جو ڈائیوو کمپنی کے تحت چلتی تھی۔ سلیپر بس لاہور سے کراچی کیلئے رات 9 بجے روانہ ہوئی۔کمپنی ذرائع کے مطابق بس میں دو ڈرائیور سوار تھے۔ تمام اسٹاف نے سکھر میں تبدیل ہونا تھا۔

بس میں کل 24 مسافر سوار تھے جن میں سے دو مسافروں نے حیدرآباد اترنا تھا جبکہ 22 مسافروں نے کراچی جانا تھا۔ دریں اثناء ملتان کے ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے ایک بیان میں واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پر جلال پور پیر والا انٹر چینج پر لاہور سے کراچی جانے والی مسافر بس ایک آئل ٹینکر سے عقب سے جا ٹکرائی۔

بیان میں کہا گیا کہ تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور 20 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ شدید زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ نشتر ہسپتال اور جلالپور کے طبی مراکز پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔بعد ازاں کمشنر ملتان عامر خٹک نے بھی ایک ٹوئٹ میں اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا۔

ان کی جانب سے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر شیئر کی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں بس اور آئل ٹینکر مکمل طور پر جل گئے۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر طاہروٹو اور سی پی او خرم شہزاد حیدر نے نشترہسپتال کادورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومت پنجاب نے حادثے کے زخمیوں کی بھرپور کفالت کی ہدایت کی ہے جبکہ جاں بحق مسافروں کی شناخت اور ان کے لواحقین کی تلاش شروع کردی گئی ۔

لاشوں کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل شروع کردیا گیا۔ موٹر وے پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ گزشتہ رات ڈھائی بجے کے قریب پیش آیا۔ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ آئل ٹینکر میں ہزاروں لیٹر پیٹرول موجود تھا، بظاہر حادثے کی وجہ دورانِ سفر بس ڈرائیور کا سو جانا تھا۔

زخمیوں میں رضا شہزاد ولد سہیل شہزاد، رئیس ولد ابراہیم، شعیب ولد غلام محمد، عرفان ولد محمد شبیر، فریحہ شاہ زوجہ شاہد بھٹی اور ماہین دختر شاہد بھٹی شامل ہیں آخری اطلاعات تک جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل تاحال جاری تھا۔سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمداقبال نے موٹروے پر ہونیوالے ٹریفک حادثے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو مفت اوربہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دریں اثنا صدر ملک ڈاکٹر عارف علوی نے موٹروے پر حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،صدر مملکت نے جاں بحق افراد کیلئے درجات کی بلند، اہل خانہ کے لیے صبر اور زخمیوں کی صحتیابی کے لئے بھی دعا کی۔صدر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

صدر کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا کہ ایسے حادثات سے بچنے کیلئے موثر اقدامات کیے جانے چاہئیں، حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد اور ٹریفک قوانین کی پاسداری ایسے حادثات سے بچنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘جلال پور پیر والا انٹر چینج پر ہونے والا آئل ٹینکر کا حادثہ نہایت ہی افسوناک ہے۔

حادثے میں 20 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں۔اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ میری دعائیں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے بھی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس المناک حادثے پر ہر آنکھ اشکبار ہے، پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔چوہدری پرویزالٰہی نے کمشنر ملتان سے المناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ہر پہلو سے انکوائری کرکے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…