نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارت میں دو نوعمر لڑکوں نے ٹیچر کو شکایت لگانے پر اپنے کلاس فیلو کو مار ڈالا ۔ دونوں لڑکوں جن کی عمریں پندرہ اور سولہ سال بتائی جاتی ہے ان کو آبائی گھر ہریانہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے جہاں وہ قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے تھے ۔ دہلی پولیس کے مطابق سبہم جندل کو کلاس میں مانیٹر بنایا گیا تھا جس پر اس کے کلاس فیلو کو رنج تھا اور جندل نے ان کی شرارتوں کی شکایت بھی کی ۔ جندل نے دولڑکوں کی ٹیچر کو شکایت کی کہ وہ اس سے مارنے کیلئے کہہ رہے ہیں ۔ پولیس کے مطابق تینوں لڑکے ایک ہی علاقے کے رہنے والے ہیں اتوار کے روز دونوں لڑکے مقتول لڑکے کو سہ پہر چار بجے کے قریب سائیکلو ں پر ایک ویران جگہ پر لے گئے جہاں دونوں نے ڈنڈوں اور پتھروں کے وار کرکے جندل کو قتل کر دیا ۔ جب شام تک جندل گھر واپس نہ لوٹا تو اس کے ماں باپ نے اس کی تلاش شروع کردی لیکن وہ نا ملا جس پر اس کے والدین نے پولیس سٹیشن میں اغواءکی رپٹ درج کرادی پولیس کے مطابق پولیس کی ایک گشتی پارٹی کو جندل کی لاش ایک پٹرول پمپ کے پاس ملی اور اس کی سائیکل بھی اس کی لاش کے قریب پڑی تھی ۔ پولیس کو تفتیش کے دوران عینی شاہدین نے بتایا کہ جندل کو آخر ی بار اس کے کلاس فیلو کی ساتھ دیکھا گیا تھا جس پر پولیس نے دونوں کے گھر چھاپہ مارا مگر وہ اپنے آبائی گھر جاچکے تھے جہاں سے پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا ۔ سبہم جندل اپنے ماں باپ کی اکلوتی اولاد تھا۔