کراچی(این این آئی)کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 11 روپے 37 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی ہے۔جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ پر نیپرا میں سماعت ہوئی۔ نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی منظوری دے دی اور کے الیکٹرک کیلئے بجلی 11 روپے 37 پیسے
فی یونٹ مہنگی کردی گئی۔کے الیکڑک نے نیپرا سے11 روپے38 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ کے الیکٹرک حکام نے موقف اختیار کیاکہ جون میں سی پی پی اے سے ہمیں مہنگی بجلی ملی ہے اور ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے بھی اثر پڑا ہے۔نیپرا کی جانب سے بتایا گیا کہ جون میں کے الیکٹرک نے بعض پلانٹس پرمیرٹ آرڈر کی خلاف ورزی کی اوراس وجہ سے صارفین پر66 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔نیپرا کی دستاویز کے مطابق ملک میں 1 سال کے دوران بجلی کی پیداواری لاگت میں 140 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ جون 2021 میں بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 6.74 روپے تھی جب کہ جون 2022 میں بجلی کی پیداواری لاگت 15.84 روپے فی یونٹ ہوگئی ہے۔نیپرا کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک سال میں کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت 150 فیصد بڑھ گئی۔ گزشتہ 12 ماہ میں فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت میں 152 فیصد اضافہ ہوا جب کہ ڈیزل سے بجلی کی پیداواری لاگت بھی 50 فیصد بڑھ گئی۔