کراچی (این این آئی) سندھ میں طوفانی بارشیں برسانے والا طاقتور سسٹم آج رات داخل ہوگا، جس کے باعث کراچی میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق طوفانی بارشیں برسانے والا طاقتور سسٹم کراچی کی جانب بڑھنے لگاہے ۔چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق مون سون
کا یہ سلسلہ 24 جولائی سے 26 جولائی تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔کراچی ڈویژن میں 24 جولائی سے 26 جولائی کے دوران موسلادھار بارش کا امکان ہے ، جس کے باعث کراچی سمیت نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق دادو ، جامشورو میں نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلے آنے کا امکان ہے۔تیسرے اسپیل کے زیراثر علاقوں میں تھرپارکر ، بدین ، عمر کورٹ ، میرپور خاص شامل ہیں جبکہ ٹنڈومحمد خان ، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری اور حیدر آباد سمیت دیگراضلاع متاثر رہیں گے۔دوسری جانب کراچی میں ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا جبکہ رات کے وقت درمیانے درجے یا تیز بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے جب کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ بھی جاری کردیا ہے ۔بلوچستان میں مون سون کے دو اسپیلز بڑے پیمانے پر تباہی مچا چکے ہیں جس میں 100 سے زائد قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا جب کہ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے صوبے میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، مون سون سسٹم22 سے 26 جولائی کے دوران بلوچستان کے ضلع ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، بولان ،کوہلو، قلات، خضدار، لسبیلہ، نصیر آباد، جعفر آباد اور سبی میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جب کہ 24 سے 26 جولائی سے سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے بھی متعلقہ محکموں اور اداروں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی سروسز کے عملے کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ گاڑیوں کو متاثرہ علاقوں سے نکالنے انتظامات مکمل کئے جائیں، اربن فلڈنگ کی صورت میں پانی نکالنے لئے مشینوں کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔