کراچی (این این آئی)شہر قائد کے علاقے بفرزون کے ایک نجی اسپتال میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے، مسلح ڈکیت لاکھوں روپے کیش اور قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق جرائم پیشہ عناصر نے اسپتال کو بھی نہ بخشا،
بفرزون کے نجی اسپتال میں 4 ڈکیت اسپتال اور فارمیسی کے کیش سمیت دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہو گئے۔واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے، جس میں چار مسلح لٹیروں کو اسپتال میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔لٹیروں نے سب سے پہلے سیکیورٹی گارڈ اور عملے کو یرغمال بنایا، پھر 2 ملزمان اسپتال کے کیش روم میں گھسے اور ایک ایک جگہ کی تلاشی لے کر پیسے نکالتے رہے۔ایک ڈکیت نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر کا موبائل فون اور گھڑی تک اتروالی، میل نرس اور ڈاکٹر کو پہلے گھٹنے کے بل بٹھایا اور پھر دوسری جانب جانے کا کہا، ایک ڈکیت فارمیسی میں داخل ہوا اور کیش کی دونوں درازیں باہر نکال لیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈکیت دونوں ہاتھوں سے پیسے نکال کر جیب بھر رہا ہے، اس کے بعد اس نے فارمیسی سے ہی شاپنگ بیگ نکالا اور اسے بھی بھرنے لگا۔واردات کے بعد چاروں ڈکیت اطمینان سے فرار ہوگئے۔ادھر ناظم آباد نمبر 3 ضیا الدین اسپتال کے قریب ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، جس میں 2 مسلح ڈاکو شہری سے 8 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔