اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے عید الاضحی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں پاکستان، آسٹریلیا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو جو عید الاضحی منا رہے ہیں اور حج ادا کر رہے ہیں، اپنی پرتپاک مبارکباد پیش کرتا ہوں۔جمعرات کے
روز عید الاضحی کے موقع پر آسٹریلوی ہائی کمشنر نے اپنے پیغام میں کہا میں پاکستان، آسٹریلیا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو جو اس سال عید الاضحی منا رہے ہیں اور حج ادا کر رہے ہیں، اپنی پرتپاک مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا آسٹریلیا دنیا کے کامیاب اور متحرک کثیر الثقافتی معاشروں میں سے ایک ہے،اسلام آسٹریلیا میں دوسرا سب سے زیادہ عام مذہب بن گیا ہے، اور نوے ہزار سے زیادہ پاکستانی آسٹریلوی باشندے آسٹریلیا کی متحرک مسلم کمیونٹی کا سب سے بڑا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا آسٹریلیا کو ایک خوشحال، جامع اور ہم آہنگ معاشرہ بنانے میں ان کا تعاون اٹوٹ ہے۔ انہوں نے کہا ا ٓسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان عوام سے عوام کے روابط مزید گہرے اور بڑھ رہے ہیں۔ یہ روابط ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تقریباً 75 سال کی دوستی پر مبنی ہیں، جو دولت مشترکہ کے ورثے، امن و سلامتی، مستحکم تجارتی تعلقات، اور تعلیم پر تعاون اور کرکٹ اور کھیل سے ہماری مشترکہ محبت پر مبنی ہے۔میرے خاندان اور آسٹریلوی ہائی کمیشن کی طرف سے، ڈیان اور میں آپ سب کو پرامن عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔



















































