لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)ملک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر بینک میں اب سے کچھ دیر پہلے تک ڈالر 19 پیسے کمی کے بعد 206 روپے 75 پیسے کا ہوگیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 178 پوائنٹس اضافے کے بعد 41281 کی سطح پر موجود ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 2 روپے مہنگا ہوا تھا۔دریں اثنا ایک رپورٹ کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں گزشتہ مالی سال کے دوران ڈالر میں 47 روپے 31 پیسے ( تیس فیصد )کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اعدادو شمار میں بتایا گیا کہ 30جون 2022کو انٹربینک میں ڈالر 204.85 پر بند ہوا جبکہ گزشتہ سال 30جون2021 کو انٹربینک میں ڈالر 157.54روپے پر بند ہوا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا 22جون کو ڈالر 211.93کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔اسی طرح گزشتہ مالی سال اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں29.7 فیصداضافہ ہوا ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30جون 2022کو 205 روپے پر بند ہوا جبکہ 30جون 2021 کو ڈالر 158 روپے پر بند ہوا تھا۔مالی سال 2022 کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 47روپے بڑھا اور 22 جون 2022 کو ڈالر 215 روپے کی بلند ترین سطح کو پہنچا تھا۔