لاہور ( آن لائن ) سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے امن کا پیغام دیتے ہوئے بھارت سے کہا کہ وہ جموں کشمیر میں کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کا انعقاد کرے۔ اپنے ایک انٹرویو میں شعیب اختر نے کہا کہ کے پی ایل کا ایک بڑا مقصد ہے، اس سے کشمیر میں کرکٹ ٹیلنٹ
کو تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ کے پی ایل ایک عظیم مقصد کے لیے ہے اور ہم سب کو اس کی حمایت کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن کا سفیر ہونے کے ناطے، میں بھارت کو اپنے خطے میں بھی کے پی ایل کا انعقاد کرنے کا مشورہ دوں گا۔ جموں کشمیر کو بھی امن کا پیغام دینے کے لیے ایسی لیگ کی میزبانی کرنی چاہیے۔ غور طلب ہے کہ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز ہرشل گبز نے کے پی ایل میں شرکت پر انہیں دھمکی دینے کے لیے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو بے نقاب کیا تھا۔اس سال کے شروع میں یہ خبر آئی تھی کہ پاکستان ویرات کوہلی کو کشمیر پریمیئر لیگ (KPL) میں کھیلنے کے لیے مدعو کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ کشمیر کے بارے میں بیداری پیدا کی جا سکے اور بین الاقوامی سطح پر نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے۔ کے پی ایل کا دوسرا ایڈیشن یکم اگست سے شروع ہوگا اور اس کا فائنل 14 اگست کو کھیلا جائے گا۔ دریں اثناء شعیب اختر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو بے حد پسند کرتے ہیں۔