کراچی(این این آئی)مقامی اوپن مارکیٹ میںمنگل کو بھی روپے کے مقابلے ڈالر 202روپے سے زائد قیمت پرٹریڈ ہوا جبکہ انٹر بینک میں بھی ڈالر مہنگا رہا۔پاکستان میں روپے کے مقابلے ڈالر کی اونچی اڑان بدستور جاری ہے اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے کوئی مداخلت نہ ہونے پر
بینکس اور کرنسی ڈیلرز ڈالر کو مسلسل مہنگا کررہے ہیں ۔گزشتہ روز اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود 150بیسس پوائنٹس بڑھا کر13.75فیصد کئے جانے سے بھی کرنسی مارکیٹ متاثر دکھائی دی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے روپیہ 70پیسے بڑھ گیا جس کی وجہ سے ڈالرکی قیمت خرید 200.60روپے سے بڑھ کر201.30روپے اور قیمت فروخت200.80روپے سے بڑھ کر201.40روپے ہو گئی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید30پیسے کے اضافے سے 200.70روپے سے بڑھ کر201.00روپے اور قیمت فروخت 80پیسے کے اضافے سے 201.20روپے سے بڑھ کر202.00 روپے ہو گئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں1.50روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت خرید 211.50روپے سے بڑھ کر213.00روپے اور قیمت فروخت214روپے سے بڑھ کر215روپے ہو گئی جبکہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 250روپے سے گھٹ کر248روپے اور قیمت فروخت253روپے سے کم ہو کر252روپے رہ گئی۔ سعودی ریال کی قیمت خرید53.10روپے اور قیمت فروخت 53.80روپے رہی جبکہ یو اے ای درہم کی قیمت خرید54.20روپے اور قیمت فروخت55.00روپے رہی۔