اسلام آباد، راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہےاور شاہ سلمان کی خیریت دریافت کی، عسکری شعبےمیں تعاون کابھی جائزہ ،محمدبن سلمان نےنیک خواہشات پرجنرل باجوہ کاشکریہ اداکیا۔
جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نےشاہ سلمان کی خیریت دریافت کی،جنرل قمرجاوید باجوہ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلدصحتیابی کیلئے دعا کی۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف اور ولی عہد نے دونوں ممالک کے درمیان عسکری شعبےمیں تعاون کا جائزہ بھی لیا۔ولی عہد محمد بن سلمان نے شاہ سلمان کی خیریت دریافت کرنے اور ان کیلئے نیک خواہشات کے اظہار پر جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔علاوہ ازیں جی ایچ کیو میں شہداء اور غازیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کوئی قوم، کوئی ملک اپنے شہداء کی قربانی کا صِلہ پیش نہیں کر سکتی اور نہ کوئی مادی قوت، دولت، پیسہ اْس کا نعم البدل نہیں ہو سکتی، جو قومیں اپنے شہیدوں کو یا ہیروز کو بھول جاتی ہیں، وہ قومیں مٹ جایا کرتی ہیں۔