کولمبو (این این آئی)سری لنکا کے وزیر برائے بجلی اور توانائی نے کہاہے کہ پیٹرول کا بہت کم ذخیرہ موجود ہے جو ایمبولینس جیسی ضروری خدمات کے لیے جاری کیا جا رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے سری لنکن وزیر نے کہا کہ سری لنکا کے پاس پیٹرول شپمنٹس کی ادائیگی کیلئے ڈالرز نہیں ہیں، کولمبو پورٹ پر پیٹرول شپمنٹ 28 مارچ سے موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پیٹرول حاصل کرنے کیلئے ادائیگی سے قاصر ہے، کریڈٹ لیٹرز کھولنے کیلئے ڈالرز کی قلت ہے، ہم فنڈز تلاش کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کم از کم ہفتے کے آخر تک پیٹرول دستیاب نہیں ہوگا، شہری دو دن تک ایندھن کیلئے قطار نہ لگائیں۔خیال رہے کہ دو روز قبل سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے نے کہا تھا کہ ملک میں صرف ایک دن کیلئے پیٹرول کا ذخیرہ ہے اور معیشت ایک خطرناک صورتحال میں ہے۔