نئی دہلی (این این آئی)بھارتی ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والی ایک 27 سالہ نوبیاہتا دلہن نے شوہر کے گھر میں باتھ روم نہ ہونے پر خودکشی کرلی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، تامل ناڈو کی ایک27 سالہ رامیا نامی خاتون نے شوہر کے گھر میں باتھ روم نہ بنوا کردینے پر
ناراض ہوکر خودکشی کرلی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون ایک فارماسیسٹ جوکہ کڈلور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں کام کرتی تھی، دو سال سے زائد عرصے سے اپنے شوہر کارتیکیان کے ساتھ تعلقات میں تھی اور بالآخر 6 اپریل کو ان کی شادی ہوگئی تاہم، شادی کے ایک دن بعد ہی رامیا ناراض ہوکر اپنی ماں کے گھر واپس آگئی کیونکہ اس کے شوہر کے گھر میں کوئی باتھ روم نہیں تھا، جس پر کارتیکیان نے اسے یقین دلایا تھا کہ وہ باتھ روم والا گھر کرائے پر لے گا۔ کارتیکیان نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے رامیا مایوس ہوگئی اور پھر 10 مئی کو اس نے اپنی جان لینے کی کوشش کی۔رپورٹ کے مطابق، رامیا کی ماں نے اسے کمرے میں ساڑھی سے لٹکا ہوا پایا اور اسے سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا اور اسے دو دن تک وہاں داخل رکھا گیا لیکن اس کی جان نہیں بچ سکی اور منگل کو اس کی موت واقع ہوگئی۔رامیا کی ماں نے اپنی بیٹی کے شوہر کارتیکیان کے خلاف تھروپاڈی پور تھانے میں شکایت درج کروائی ہے تاہم پولیس اس کیس میں رامیا کے والد کے کردار کے حوالے سے بھی تفتیش کر رہی ہے کیونکہ رامیا کی کارتیکیان سے شادی کو اس کے والد نے قبول نہیں کیا تھا اور شادی کی کسی تقریب میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔