واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کی قریبی ساتھی ہما عابدین ای میل سکینڈل کے اہم کردار کے طور پر سامنے آرہی ہیں۔ واضح رہے کہ ہما عابدین پاکستانی نژاد امریکی ہیں اور انہوں نے ایک یہودی سے شادی کر رکھی ہے۔ ہلیری کلنٹن نے فیڈرل جج کو بتایا ہے کہ ہما عابدین ان کی قریبی ساتھی ہیں اور ان کے گھر میں نصب انٹرنیٹ سرور پر ان کا بھی ای میل اکاونٹ موجود ہے۔ ہما نے وکلا ءکی ایک ٹیم کو ذمہ داری سونپی ہے کہ ریاست اور عدالت کی جانب سے طلب کردہ معلومات انہیں فراہم کی جائیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہما تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہی ہیں تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہما عابدین کو کانگریس کے تفتیش کاروں کی جانب سے مزید سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس معاملے کا ایک اور پہلو بھی سامنے آرہا ہے کہ ہما عابدین کو ”خصوصی سرکاری ملازم“ کا درجہ دیا گیا تھا اور وہ ہلیری کلنٹن اور پرائیویٹ سیکٹر کے لئے کام کر سکتی تھیں تاہم ابھی واضح نہیں ہے کہ سرکاری عہدہ چھوڑنے کے بعد ان کی اہم معلومات تک رسائی کی قانونی حیثیت کیا ہے۔ ہلیری کلنٹن کی انتخابی مہم کی ترجمان نک میرل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ای میل سرور اور ہما عابدین کے کام کرنے کی نوعیت کا ایک دوسرے سے تعلق ہے بھی اور نہیں بھی، تاہم یہ انتخابی موسم ہے اور ری پیلکن رہنما اس معاملے کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں۔