ایران (نیوز ڈیسک)ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہاکہ ایران امریکہ کے اثر رسوخ کا راستہ روکے گا۔ ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کی یونین کے اجلاس کے شرکا نے تہران میں سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امریکی حکام ایٹمی معاہدے کے ذریعے ہمارے ملک میں اثر و رسوخ حاصل کرنا چاہتے تھے لیکن ہم نے ان کے اثر و رسوخ کا راستہ روک دیا ہے اور ہم یقینی طور پر اس راستے کو بند کر دیں گے۔ ہم امریکا کو اپنے ملک میں نہ اقتصادی اثر و رسوخ کی اجازت دیں گے اور نہ ہی سیاسی اور ثفاقتی اثر و رسوخ کی۔ انہوں نے کہاکہ امریکی حکام خطے میں اثر و رسوخ اور اپنے اہداف کے حصول کے درپے ہیں لیکن ہم ان کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وہ عراق اور شام کو تقسیم کرنے کے درپے ہیں اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ایسا کبھی نہیں ہو گا۔ علی خامنہ ای نے یمن کے خلاف سعودی عرب کی جارحیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ آج ہمیں یمن کے مظلوم عوام کی صورتحال پر رنج اور دکھ ہے، ہم ان کے لئے دعا گو ہیں ، فلسطین کی استقامت کو اسلامی تاریخ کا ایک روشن باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم خطے میں جاری استقامت اور فلسطین کی استقامت کا دفاع کرتے ہیں اور جو بھی اسرائیل کے خلاف جہاد کرے گا، صیہونی حکومت کو ضرب لگائے گا اور استقامت کی حمایت کرے گا ہم اس کی ہر ممکن مدد کریں گے۔