واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکہ نے اطلاعات کے مطابق چین کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی سرزمین پر ایسے خفیہ ایجنٹ بھیجنے کا سلسلہ بند کر دے جن کا کام چین سے بھاگ کر امریکہ آنے والوں پر وطن واپسی کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے امریکی اہلکاروں کے حوالے سے کہا ہے کہ چینی ایجنٹ امریکہ میں موجود چینیوں کو واپس لے جانے کے لیے ان پر دباؤ ڈالنے کے کئی طریقے استعمال کر رہے ہیں۔اخبار کے مطابق ’آپریشن فوکس ہنٹ‘ نامی یہ مشن چین کی ان عالمی کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد ایسے افراد کو واپس وطن لانا ہے جن پر مالی بدعنوانی کا شبہہ ہے۔نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے حالیہ چند ہفتوں میں چین کو اس سلسلے میں تنبیہ کی ہے تاہم محکمٓ خارجہ کی جانب سے اس خبر پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔اخبار کا کہنا ہے کہ چین کی وزارتِ عوامی تحفظ کے اہلکار تجارتی یا سیاحتی ویزوں پر امریکہ آ کر چینی منحرفین کو ڈراتے دھمکاتے رہے ہیں اور انھیں چین میں موجود ان کے اہلِ خانہ سے برے سلوک کی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں۔امریکی اخبار نے چینی وزارت کے اعدادوشمار کے حوالے سے لکھا ہے کہ آپریشن فوکس ہنٹ کے تحت دنیا بھر سے 930 سے زیادہ چینی باشندوں کو بیرونِ ملک سے واپس لایا گیا ہے۔یہ خبر ایسے موقع پر منظرِ عام پر آئی ہے جب چین کے صدر شی جن پنگ آئندہ ماہ پہلی بار سرکاری دورے پر امریکہ آنے والے ہیں۔ان کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک تجارت، حقوقِ انسانی اور سائبر حملوں جیسے معاملات پر بات چیت کریں گے۔