اسلام آباد (این این آئی)سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ذہنیت کو طاقت اور جبر کے ذریعے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔پرویز مشرف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ منظر عام پر آیا ہے جس میں اْن کا قول تصویری اور تحریری دونوں شکلوں میں
موجود ہے۔انہوں نے لکھا کہ یاد رکھیں ذہنیت کو طاقت اور جبر کے ذریعے تبدیل نہیں کیا جا سکتا،کوئی خیال کبھی کسی پر زبردستی نہیں ڈالا جا سکتا۔خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروادی ہے، جس پر ووٹنگ 3 اپریل کو ہوگی۔علاوہ ازیں متحدہ اپوزیشن نے نئے وزیراعظم کا انتخاب ایجنڈا میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا ا س ضمن میں اپوزیشن نے درخواست قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی ۔ درخواست میں اپوزیشن نے مطالبہ کیاکہ سپلیمنٹری ایجنڈا جاری کرکے نئے وزیراعظم کا انتخاب بھی ایجنڈا میں شامل کیا جائے۔ اپوزیشن کی جانب سے درخواست سردار ایاز صادق ، نوید قمر اور شازیہ مری نے جمع کرائی،درخواست قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ سر دار ایاز صادق نے کہاکہ ہماری درخواست ہے کہ سپلیمنٹری ایجنڈا جاری کرکے نئے وزیراعظم کے انتخاب کو ایجنڈا میں شامل کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں نئے وزیراعظم کا انتخاب بھی ایجنڈا پر ہونا چاہیے۔