کراچی (این این آئی) تھائی ایئرویز نے پاکستان میں دوبارہ فلائٹ آپریشن کا آغاز کردیا ، تھائی پرواز ٹی جی 349 بنکاک سے 208 مسافروں کو لیکر اسلام آباد پہنچی۔تفصیلات کے مطابق تھائی ایئرویز نے دو سال بعد پاکستان اور بنکاک کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا ، تھائی ایئر کی پرواز ٹی جی 349 بنکاک سے 208 مسافروں کو لیکر اسلام آباد پہنچی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ مسافروں اور عملے کا استقبال اسلام آباد ائیر پورٹ پر کیا گیا، جس کے بعد
تھائی پرواز ٹی جی 350 مسافروں کو اسلام آباد سے بنکاک لیکر واپس روانہ ہوگئی۔یاد رہے رواں ماہ تھائی ایئرویز نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا تھا ، ایئر ویز انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پروازیں 28 مارچ سے شروع ہوں گی اور ہفتے میں 2 پروازیں ہوں گی۔خیال رہے تھائی ایئر ویز پاکستانی مسافروں کو بہتر اور آسان سفری سہولیات فراہم کرتا ہے، اور مسافروں کے علاوہ یہ پاکستان کارگو کے کاروبار کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔