راولپنڈی (این این آئی)پاک فوج کے ایوی ایشن یونٹ کا یو این مشن کانگو میں پوما ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی افسروں اور اہلکاروں سمیت 8 اہلکار شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ایوی ایشن یونٹ اقوام متحدہ کے
امن مشن کانگو میں 2011ء سے قیام امن کے فرائض سرانجام دے رہا ہے، 29 مارچ کو کانگو میں ایک مشن کے دوران مشن کا پوما ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، حادثے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا، ترجمان کے مطابق حادثے میں اقوام متحدہ کے امن مشن کی 8 اہلکار شہید ہوگئے، شہید ہونیوالوں میں 6 پاکستانی افسروں اور سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا، پاکستانی شہداء میں پائلٹ لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان، معاون پائلٹ میجر سعد نعمانی، میجر فیضان علی، فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار سمیع اللہ خان، کرئیو چیف حوالدار محمد اسماعیل، گنر لانس حوالدار محمد جمیل شامل ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی برادری کے ذمہ دار رکن کے طور پر اقوام متحدہ کے مختلف امن مشنز میں عالمی امن اور سلامتی کے فروغ کیلئے سرگرم کردار ادس کیا ہے، پاکستانی امن دستوں نے ہمیشہ تنازعات کے شکار علاقوں میں فروغ امن کیلئے سخت چیلنجوں کی انجام دہی میں حصہ لیا اور اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔