اسلام آباد ( آن لائن ) تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے بطور پارٹی چیئرمین ارکان اسمبلی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے روز کوئی رکن اسمبلی نہیں جائے گا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے روز کوئی رکن اسمبلی نہیں جائے گا۔ مراسلے کے متن کے مطابق ووٹنگ کے دوران کوئی رکن پارلیمنٹ میں موجود نہ ہو، کوئی رکن پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔عمران خان نے مراسلے میں کہا کہ ہدایات کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 63 اے کا اطلاق ہوگا، ذرائع کا بتانا ہے کہ ہدایت نامہ تمام پارٹی ارکان کو انفرادی طور پر ارسال کیا گیا ہے