لاہور(این این آئی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجا ب رائو سردار علی خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ایک ملین فالوورز مکمل ہونے پرپنجاب پولیس سوشل میڈیا ٹیم کو شاباش دی ہے ۔ آئی جی پنجاب نے سوشل میڈیا ٹیم کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے ہدایت کی کہ سوشل میڈیا پرشہریوں کی راہنمائی کے ساتھ ساتھ آنیو الے عوامی مسائل کے بروقت حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں
۔رائو سردار علی خان نے کہاکہ سپروائزری افسران سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے موصول شکایات کے حل کیلئے اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیںاور ٹوئیٹر، فیس بک اور دیگرمقبول سوشل میڈیا ویب سائٹس کی مانیٹرنگ پر بھرپور توجہ دی جاتی ہے ۔ رائو سردار علی خان نے کہاکہ شہریوں کی مدد اور راہنمائی کی فراہمی کیلئے آگاہی مہم کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور موثر پوسٹوں ، ویڈیوز سمیت دیگر معیاری مواد کے ذریعے شہریوں کو خدمات فراہم کی جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹوئیٹر پر ایک ملین فالوور مکمل ہونے پر جاری اپنے پیغام میں کیا۔ ترجمان پنجا ب پولیس نے بتایا کہ دور حاضر میں سوشل میڈیاصارفین کو معلومات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور سرکاری و نجی ادارے شہریوں تک براہ راست رسائی اوراہم اطلاعات کی ترسیل کیلئے سماجی رابطے کی ویب سائٹس ٹوئیٹر، فیس بک ، یوٹیوب وغیرہ سے استفادہ کرتے ہیں ۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ جرائم کنٹرول کے ساتھ ساتھ پنجاب پولیس کی سوشل میڈیا پر اونچی اڑان جاری ہے اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر پنجاب پولیس کے فالوورز کی تعداد ایک ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبہ بھر میں پیش آنے والے کسی بھی واقعہ پر علاقائی پولیس کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن کرکے قانونی کاروائی یقینی بنائی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پنجاب پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد سازی دن بدن مضبوط ہورہی ہے اورپنجاب پولیس کے آفیشل اکائونٹ @OfficialDPRPP کو روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں نئے شہری فالو کر رہے ہیں ۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئیٹر پرپنجاب پولیس کے فالوورز کی تعداد ملک کی دیگرتمام پولیس فورسز سے زیادہ ہے جبکہ ٹوئیٹر کے ساتھ ساتھ فیس بک پر بھی پنجاب پولیس شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اورقوانین کی آگاہی کیلئے سرگرم عمل ہے اور فیس بک پر پنجاب پولیس کے فالوورز کی تعداد772019ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ شہریوں کی مدد ، راہنمائی اور تحفظ کیلئے ویڈیوز، تصاویرا ور انٹرویوز کی صورت مفید معلومات باقاعدگی سے شیئر کی جاتی ہیں ورٹوئیٹر ، فیس بک سمیت ہر ذریعے سے آنے والی درخواستوں پر فوری کاروائی کرکے شہریوں کو خدمات فراہم کی جاتی ہیں ۔