ڈیرہ اللہ یار ( این این آئی ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کو یقین سے کہتا ہوں کہ تحریک انصاف حکومت ختم ہو رہی ہے بلوچستان سے سردار یار محمد رند کا استعفیٰ بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوا ہے ،مزید وزراء جلد ڈوبتی کشتی سے چھلانگ لگائیں گے عمران خان موجودہ وقت کا میر جعفرمیر صادق ثابت ہوئے ہیں بغیر جنگ لڑے کشمیر مودی کو تشت میں رکھ کر دیا
اور قائد اعظم کا اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ،حکمران آئی ایم ایف کے ایجنٹ ہیں انہوں نے قوم پر آئی ایم ایف کی پالیسی اور فیصلے مسلط کئے ہیں تبدیلی کے نعرے سے اقتدار میں آنے والی پی ٹی آئی حکومت نے تین سالوں میں ملک میں کرپشن مہنگائی بیروزگاری کے ریکارڈ توڑ دیئے، ملک میں 7 کروڑ سے زائد خاندان خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کئی سو گنا اضافہ کرکے عوام کی جیبوں سے اربوں روپے لوٹ لئے گئے 60 روپے لٹر پیٹرول آج 160 روپے میں مل رہا ہے دس روپے کم کرکے فراڈ کا نیا ڈھونگ رچایا گیا ہے ،ڈیرہ اللہ یار میں مہنگائی، بیروزگاری اور نااہل حکومت کے خلاف اعلانیہ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مرکز پنجاب اور کے پی کے میں حکومت کر رہی پی پی پی سندھ کی حکمران جماعت ہے دونوں سرکاری وسائل سے ایک دوسرے کے خلاف مارچ کر رہی ہیں قوم دونوں سے سوال کرتی ہے حکومت کے باوجود حقوق کس سے طلب کیے جا رہے ہیں پی ٹی آئی اور ن لیگ کا دور ختم ہو چکا اب قوم جماعت اسلامی کو اقتدار میں دیکھنا چاہتی ہے اسٹبلشمنٹ رکاوٹ نہ بنے حکومت ملی تو ملک میں اسلامی نظام نافذ کرکے پہلے مرحلے میں سودی نظام اور انگریز قوانین کا خاتمہ کرکے سرکاری زمینیں غریبوں میں تقسیم کرینگے ملک کو روشنیوں اور ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے
70 سالوں سے بلوچستان کے جاگیردار اسلام آباد کے سرمایہ داروں اور اسٹبلشمنٹ سے سازباز کرکے عوام کے حقوق ہڑپ کر رہے ہیں معدنیات سے مالا مال صوبے کے عوام بھوک افلاس تعلیم صحت اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں بلوچ ماوں کے دو پٹوں سے اسلام آباد میں سودے بازی کی جاتی ہے حکومت میں آکر کرپٹ جاگیرداروں سرمایہ داروں کو کڑا احتساب کرینگے احتجاجی دھرنے سے امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی جنرل سیکریٹری مولانا ہدایت الرحمن بلوچ ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالمجید بادینی نے بھی خطاب کیا امیر جماعت اسلامی کے دورہ جعفرآباد کے موقع پر کھوسہ بگٹی جتک اور دیگر قبائل کے سیکڑوں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔



















































