اوسلو(عقیل قادر) ناروے دنیا کا امیر ترین ملک ہے اور ناروے کا دارالخلافہ اوسلو دنیا کا مہنگا ترین شہر ہے ، اوسلو میں مکانوں کی قیمتیں ملک کے دیگرعلاقوں کی نسبت بہت زیادہ ہیں ۔ اس ہفتے اوسلو میں ایک کمرے کی رہائش جو صرف 18سکیور میٹر (مربع میٹر)تھی چھبیس لاکھ کراﺅن میں فروخت ہوئی جو پاکستانی روپوں میں تقریباََتین کروڑ پچاس لاکھ روپے بنتے ہیں۔ نارویجن اخبار کے مطابق رہائش کی فروخت کا اشتہار پچھلے ہفتے دیا گیاجبکہ اس ہفتے ریکارڈ قیمت سے یہ رہائش فروخت ہو ئی۔ پراپرٹی ڈیلر نے بتایا کہ رہائش کا تخمینہ اکیس لاکھ پچاس ہزار کراﺅن لگایا تھا جب رہائش پر بولی شروع ہوئی تو اسکا اختتام چھبیس لاکھ کراﺅن پر ہوا۔ مالک مکان نے نام ظاہر نہ کرنے پر اخبار کو بتایا کہ اس نے یہ رہائش آج سے تین سال پہلے اٹھارہ لاکھ کراﺅن میں خریدی تھی اور تین سال بعد آٹھ لاکھ کراﺅن منافعے کے ساتھ فروخت ہوئی جس پر مالک مکان انتہائی خوش ہے۔