لاہور(این این آئی)محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے کرپٹ افراد سے 48 لاکھ روپے سے زائد وصول کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کروا دیئے۔محکمہ اینٹی کرپشن نے منڈی بہائوالدین اور مظفر گڑھ میں کارروائی کرتے ہوئے سرکاری افسران اور ٹھیکیداروں سے پیسے وصول کئے ۔ منڈی بہائوالدین میں ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن تھانہ میں مقدمہ نمبر 2022/02 درج ہے۔
مقدمہ میں نامزد ٹھیکیدار نے تعمیراتی کام کی غلط پیمائش سے 30 لاکھ 5ہزار روپے زائد وصول کئے۔ٹھیکیدار نے منڈی بہائوالدین میں مرالہ پل سے نارنگ روڈ تک سڑک کی مرمت کیلئے غلط پیمائش کے ذریعے مقررہ پیسوں سے زیادہ وصول کئے۔ ملزمان سے 31لاکھ5ہزار روپے کی ریکوری کی گئی ۔مظفر گڑھ میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سے کرپشن کے پیسے ریکور کر لئے گئے۔مظفر گڑھ میں نہر کو پختہ کرنے کے منصوبہ میں 1 کروڑ 27 لاکھ روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ۔ڈویژنل اکائونٹ آفیسر شاہین احمد نے جرم تسلیم کرتے ہوئے اپنے حصے کے 9 لاکھ 73 ہزار روپے سرکاری خزانہ میں جمع کر وادیئے ہیں۔مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان سے پیسوں کی وصولی کیلئے کارروائی جاری ہے۔ ملزمان نے جعلی ادائیگیوں کے ذریعے سرکاری خزانہ کو 1 کروڑ 27 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن مظفرگڑھ میں مقدمہ 2020/21درج ہے۔سرکاری خزانہ کو نقصان پہنچانے پر ایس ڈی او کینال ڈویژن کوٹ ادو سے 8لاکھ 48ہزار روپے ریکور کر لئے گئے۔ملزم محمد اقبال نے ایڈمن سیکشن کی اجازت کے بغیر 80لاکھ 78ہزار روپے کی زائد ادائیگیاں کیں۔