لاہور( این این آئی)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اور پیپلز پارٹی کی قیادت اہم ملاقاتوں کے بعد میڈیا کو بریفنگ دینے سے کترانے لگے اورصرف مرضی کا اعلامیہ جاری کرنے پر اکتفا کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میںاپوزیشن جماعتیں بھرپور سیاسی سر گرمیاں کر رہی ہیں تاہم قیادت بریفنگ دینے سے گریزاں ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف چوہدری برادران سے ملاقات کیلئے ان کی رہائشگاہ پر گئے تھے
تاہم وہ وہ میڈیا سے گفتگو کئے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے تھے۔ اس کے بعد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بھی چوہدری برادران سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی تاہم انہوں نے بھی میڈیا سے کوئی گفتگو نہیں کی تھی اور واپس روانہ ہو گئے تھے ۔ حالیہ ہفتے میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنے وفد کے ہمرا ہ سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہائوس میں ملاقات کی تاہم اس ملاقات کے حوالے سے بھی میڈیا کو باضابطہ بریفنگ نہیں دی گئی اور صرف اعلامیہ جاری کیا گیا ۔ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی رہائشگاہ پر پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی قیادت کی مشاورتی ملاقات ہوئی تاہم اس کے اختتام پر بھی باضابطہ بریفنگ نہیں دی گئی اور صرف اعلامیہ جاری کرنے پر اکتفا کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتیں موجودہ حالات میں کسی دڑاڑ سے بچنے کیلئے اکٹھے میڈیا کے سامنے آنے سے گریزاں ہیں جبکہ سوالات و جوابات کے سیشن میں حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے اپوزیشن کی حکمت عملی سامنے آنے کا بھی خدشہ ہے اس لئے اپوزیشن قیادت کی جانب سے میڈیا سے گفتگو نہیں کی جارہی۔گزشتہ رو زہی پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چوہدری برادران سے دوبارہ ملاقات کی لیکن مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو نہیں کی ۔ چوہدری پرویز الٰہی نے بلاول ہائوس لاہور میں سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے اس ملاقات بارے میں بھی میڈیا کو باضابطہ کوئی بریفنگ نہ دی ۔