خیرپور(این این ئی)پیپلز پارٹی کے رہنمااور مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہاہے کہ روان ماہ حکومت کے لئے اہم ہے، وزیر اعظم کے رہنے
کے امکانات کم ہیں، ریاست مدینہ کے دعوے تو کئے جارہے ہیں مگر ملک میں ریکارڈ مہنگائی کی گئی ہے۔میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ عمران حکومت نے قرضوں کے اوپر قرضے لیئے اور الزام سابقہ حکومتوں پر ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کرنے کے لیے سندھی عوام کی لاشوں سے گزرنا پڑے گا۔منظور وسان نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر چلتی تو ذوالفقار علی بھٹو شہید نہ ہوتے، تحریک چل پڑی ہے، جب تک مہنگائی کم نہیں ہوگی تب تک تحریک جاری رہے گی، منظور وسان نے کہاکہ سندھ میں خواتیں کو ہراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔سندھ حکومت نے ہراساں کرنے کے واقعات کانوٹس لیاہے۔انہوں نے کہاکہ ضیا الحق کے وقت میں بھی صحافیوں پر ظلم نہیں کیا گیا جیسا صحافی محسن بیگ کے ساتھ ہوا ہے جس کی مذمت کرتا ہوں ، منظور وسان نے کہاکہ وسان خاندان نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔