بیجنگ (نیوزڈیسک) چین کے جنوب مغرب میں واقع کھاد بنانے والے ایک کارخانے سے مضر اور بدبودار امونیا گیس کے اخراج کے بعد ہزاروں افراد نے بدحواسی میں وہاں سے نقل مکانی کا سلسلہ شروع کر دیا۔ کھاد بنانے والی یہ فیکٹری سیچوان صوبے کے شہر نان چونگ کے نواح میں واقع ہے۔ مغربی چین سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق چوان لونگ کیمیکل فیکٹری سے زہریلی امونیا گیس کے اخراج کی اطلاع پر لوگوں نے ہر ممکن طریقے سے شہر سے دور جانے کی کوششیں شروع کر دیں اور اِس باعث فیکٹری کے ارد گرد کا علاقہ چھوڑنے والے شہریوں کو شدید ٹریفک جام کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ پولیس اور فیکٹری اہلکاروں کے مطابق امونیا گیس کے اخراج پر قابو پا لیا گیا ہے۔