اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ عمران خان تحریک عدم اعتماد سے پہلے اسمبلی تحلیل کر سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہاکہ عمران خان تحریک عدم اعتماد سے پہلے اسمبلی تحلیل
کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دو مہینے بہت اہم ہیں، عمران خان کیلئے ایک کے بعد ایک کرائسز آئیں گے،اسی سال عام انتخابات بھی ہو سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کیلئے 23مارچ کا دن بہت اہم ہے ،عمران خان سے ایسے فیصلے کروائے جائیں گے جو مستقبل میں انکے لیے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔ منظور وسان نے کہاکہ آج باہر گھومنے والے کل جیل میں بھی ہو سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن نے آپسی اختلافات اپنی جگہ لیکن تحریک عدم اعتماد پر سب متفق ہیں،حالات سے لگتا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے گی۔صحافی نے سوال کیاکہ کیا 23 مارچ کی پریڈ میں عمران خان بطور وزیراعظم شریک ہونگے؟ ۔ منظور وسان نے کہاکہ ممکن ہے عمران خان کی جگہ کوئی اور شرکت کرے۔صحافی نے سوال کیاکہ اس سب کے پیچھے کون ہے جو ڈوریاں ہلا رہا ہے؟ ۔ منظور وسان نے جواب دیا کہ پیچھے جو ہوتے ہیں وہ نظر نہیں آتے،حالات سنگین نظر آ رہے ہیں میں خلائی مخلوق پر یقین نہیں رکھتا۔