کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان محمد سرفراز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ملطان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور شان مسعود نے کیا، محمد رضوان کوئی رنز نہ بنا سکے اور محمد حسنین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، صہیب مقصود نے 21 رنز بنائے،
وہ فالکنر کی گیند پر سمیڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ریلی روسو نے اکیس رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 58 گیندوں پر چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 88 رنز بنائے، وہ محمد حسنین کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ٹم ڈیوڈ نے 28 اور خوشدل شاہ نے 8 رنز بنائے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کی نقصان پر 174 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیتنے کے لئے 175 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز احسن علی اور وِل سمیڈ نے کیا، وِل سمیڈ تین رنز بنا کر خوشدل شاہ کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ احسن علی نے 24 رنز بنائے اور وہ بھی خوشدل شاہ کا شکار بنے۔ بین ڈکٹ نے 32 گیندوں پر 47 رنز بنائے اور انہیں عمران طاہر نے آؤٹ کیا، عاشر قریشی کوئی رنز نہ بنا سکے انہیں عمران طاہر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، سرفراز احمد نے 21 رنز بنائے اور خوشدل شاہ کی گیند پر ڈیوڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز نے ایک رنز بنایا اور وہ عمران طاہر کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد نے 30 رنز بنائے وہ ویلی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ جیمز فالکنر نے 18 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہو گئے، سہیل تنویر نے 13 رنز بنائے اور ویلی کی گیند پر روسو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے،
نسیم شاہ نے ایک رنز بنایا اور وہ بھی ویلی کی گیند پر ڈیوڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، اس طرح 19.5 اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تمام ٹیم آؤٹ ہو گئی اور انہوں نے 168 رنز بنائے، اس طرح ملتان سلطانز چھ رنز سے فتح یاب ٹھہرے، ملتان سلطانز کی جانب سے خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی اور عمران طاہر نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔